چاروں صوبائی حکومتیں بجلی کے بلوں کی مد میں 146 ارب روپے کی نادہندہ نکلیں۔
صوبائی حکومتوں کے ذمہ بجلی بلز کے بقایا جات کی تفصیلات منظرعام پر آگئی ہیں اور وفاقی وزارت توانائی نے سرکاری محکموں کے ذمہ بقایاجات کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے بقایا جات کی وصولی کیلئے چاروں وزرائے اعلیٰ سے رابطے بھی کیے گئے ہیں جبکہ ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے وزرائےاعلیٰ سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق کے پی کے حکومت کے ذمے 8 ارب 88 کروڑ کے واجبات ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے ذمہ 38 ارب سے زائد کے واجبات ہیں۔
پنجاب حکومت کے ادارے لیسکو کے 17 ارب سے زائد کےنادہندہ ہیں، میپکو کے ذمہ 9 ارب 90 کروڑ کے واجبات ہیں۔
بلوچستان حکومت نے 39 ارب 60 کروڑ ادا کرنے ہیں اور سندھ حکومت کے ذمہ 59 ارب 68 کروڑکے بقایا جات ہیں۔