شام کی نئی حکومت نے آئین اور پارلیمنٹ کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئی شامی حکومت نے آئین اور پارلیمنٹ کو تین ماہ کے لئے معطل کر دیا ہے اور اس حوالے سے نئی حکومت کے ترجمان عبیدہ ارناوت کا کہنا ہے کہ آئین کا جائزہ لینے اور پھر ترامیم متعارف کرانے کے لیے ایک عدالتی اور انسانی حقوق کمیٹی قائم کی جائے گی۔
حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی منتقلی کے لیے نئی حکومت کے وزراء اور سابق وزراء کے درمیان منگل کو ایک میٹنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ عبوری دور تین ماہ تک جاری رہے گا اور ہماری ترجیح اداروں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شامی عوام کے خلاف جرائم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔