لاہور ہائیکورٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم پر مبینہ ہراسگی کیس میں اندراج مقدمہ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی میں توسیع کردی۔
پیر کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کیخلاف مبینہ ہراسگی سے متعلق کیس میں اندراج مقدمہ کے حکم کیخلاف قومی کرکٹر کی درخواست پر سماعت کی اور اندراج مقدمہ کے فیصلے کیخلاف حکم امتناعی میں توسیع کردی۔
درخواست گزار بابراعظم کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت پیش ہوئے۔
عدالت عالیہ نے اندراج مقدمہ کیلئے رجوع کرنیوالی خاتون کو طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ جنوری 2021 میں سیشن کورٹ لاہور نے بابر اعظم کے خلاف مبینہ جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا جسے سابق کپتان نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔