وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ کل چین روانہ ہوں گی۔
چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے باضابطہ دعوت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز10 رکنی وفد کے ساتھ بیجنگ کے لیے کل لاہور سے خصوصی طیارے سے روانہ ہوں گی۔
آٹھ روزہ دورے میں آئی ٹی، میڈیکل، انڈسٹری اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
مریم نواز بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کا دورہ کریں گی جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، انڈسٹری، اسموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کے فروغ پر معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان کاروباری روابط پر غور کیا جائے گا۔
مریم نواز کو دورے کے دوران چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔