پاکستان ریلوے کی اپ گریڈیشن کیلئے چین سے بڑی خبر آگئی، دونوں ممالک کے درمیان ایم ایل ون معاہدے پر دستخط ہوگئے، منصوبے کی لاگت 9 ارب ڈالر سے کم ہوکر 6.7 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبے پر بڑی پیشرفت ہوگئی۔ وزارت ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے ایم ایل ون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
سیکریٹری ریلوے کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون ایک اسٹریٹیجک منصوبہ ہے، معاہدے سے پاکستان کا پورا ٹرانسپورٹیشن نظام تبدیل ہوجائے گا، منصوبے کی لاگت 9 ارب ڈالر سے کم ہوکر 6.7 ارب ڈالر ہوگئی ہے، ایم ایل ون منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا۔
چند روز قبل اپنے ایک بیان میں سی ای او ریلویز شاہد عزیز نے کہا تھا کہ ایل این ون منصوبے کی لاگت 9.6 سے کم کرکے 6.6 ارب ڈالر کردی گئی، منصوبے کی تکمیل سے کراچی سے پشاور 100 ٹرینیں روزانہ چلیں گی، کراچی تا لاہور سفری دورانیہ بھی 18 گھنٹے سے کم ہوکر 12 گھنٹے رہ جائے گا۔