سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو ان کی بیگم اور حواریوں سے خطرہ ہے اور انہیں بھی سمجھنا چاہیے کہ میں ان کی جان بچانے کی کوششیں بھی کر رہا ہوں۔
جمعرات کو سینیٹر فیصل واوڈا سربراہ جمیعت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لئے انکی رہائشگاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی جس کے دوران سینیٹر کامران مرتضٰی اور اسعد محمود بھی موجود تھے۔
فیصل واوڈا اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرا ایک ہی ایجنڈا ہے ملک کی بہتری اور بانی پی ٹی آئی کی جان بچانا، 15 تاریخ کے بعد پانچ ملکوں کا دورہ کروں گا اور وہاں بھی بتاؤں گا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان کو ان کی بیگم اور حواریوں سے کیوں خطرہ ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ نفرتوں کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا اور پاکستان کی بہتری کیلئے سب کو مشاورت سے چلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی مفاد سے نہیں آیا، یہ سیاسی قلعہ ہے اور میں مولانا فضل الرحمان کا سیاسی پرستار ہوں، ہماری وفود کے سطح اور ون آن ون بھی ملاقات ہوئی، میں دوست بھی کھل کر ہوں اور دشمنی بھی کھل کر نبھاتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ میرے لئے اہم تھا ، مولانا دور اندیش سیاستدان ہیں، ان حالات میں نفرتیں مٹنانے میں ان کا کردار ہوسکتا ہے۔