افغانستان کرکٹ ٹیم کے اسپن بولر راشد خان نے طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے طبی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے پر پابندی کے فیصلے پر سخت مؤقف اختیار کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں مڈوائفری اور نرسنگ پروگرام کے طلباء کو مبینہ طور پر اداروں میں داخلے سے منع کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے پر راشد خان خواتین کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔
راشد خان نے نے کہا ہے کہ تعلیم کو اسلام میں مرکزی مقام حاصل ہے، اسلام مرد اور عورت دونوں کے لیے علم کے حصول پر زور دیتا ہے، قرآن سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
راشد خان نے لکھا کہ افغانستان کی بہنوں اور ماؤں کے لیے تعلیمی اور طبی اداروں کی حالیہ بندش پر مایوسی اور دکھ کا اظہار کرتا ہوں، اس فیصلے نے ناصرف خواتین کے مستقبل بلکہ ہمارے معاشرے کو بھی متاثر کیا ہے۔
افغان کرکٹر نے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، سب کو تعلیم فراہم کرنا صرف ایک معاشرتی ذمے داری ہی نہیں بلکہ اخلاقی ذمے داری بھی ہے۔
راشد خان نے کہا کہ افغانستان کو ہر شعبے میں خاص طور پر طبی شعبے میں پیشہ ور افراد کی اشد ضرورت ہے، خواتین ڈاکٹروں اور نرسوں کی شدید کمی تشویش ناک ہے کیونکہ اس کا براہِ راست اثر صحت کی سہولتوں اور خواتین پر پڑتا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ میں اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کرتا ہوں تاکہ افغان لڑکیاں تعلیم کا اپنا حق دوبارہ حاصل کر سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔