پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کل جماعتی کانفرنس ( اے پی سی ) میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اے پی سی کو جمہوریت نوازی کی نمائشی کوشش قرار دے دیا ۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف پر پابندی کیلئے بلوچستان اسمبلی سے قرارداد منظور کرائی، اب بے جان نمائشی مجالس کر کے جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پاس خیبرپختونخوا میں کوئی مینڈیٹ ہی نہیں اور صوبے میں عوام کی نمائندگی پی ٹی آئی کے پاس ہے جبکہ عوامی مسائل کے حل میں خیبرپختونخوا حکومت سنجیدہ ہے ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا سنجیدہ تجاویز بھجوائیں گے تو صوبائی حکومت ضرورانہیں زیرِغور لائیگی ۔