پنجاب بھر میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اینٹی اسموگ پلان کے تحت سرکاری اور نجی تمام گاڑیوں کی پڑتال کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ اتھارٹی سے تصدیق نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
تمام صوبائی وزارتوں کے سیکرٹریوں اور پنجاب بھر کے تمام کمشنرز کو حکم نامہ بھجوا دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام وزارتوں اور ان کے ذیلی محکموں کے زیر استعمال تمام گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کئے جائیں۔
پنجاب حکومت نے 30 جنوری تک کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے تمام وزارتوں اور محکموں کو اس تاریخ تک گاڑیوں کا معائنہ کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسموگ کی ایک وجہ گاڑیوں کا دھواں ہے، گاڑیوں کی بڑھتی تعداد ماحول اور انسانی زندگی پر منفی اثرات بڑھا رہی ہے۔