اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو سابق ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) شہزاد سلیم کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف نیب میں انکوائری شروع ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور چیئرمین نیب کی جانب سے سابق ڈی جی نیب کو چارج شیٹ جاری کی گئی جسے انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔
منگل کو شہزاد سلیم کی درخواست پر اسلام آباد ہائکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے سماعت کی اور نیب کو کارروائی سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جواب کیلئے نیب کو 16 دسمبر کے لیے نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔
عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ پٹیشن کے فیصلے تک نیب شہزاد سلیم کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب سے مکمل انکوائری رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس بھی مانگ لیے ہیں۔
دوران سماعت وکیل درخواستگزار کا کہنا تھا کہ احتساب بیورو اس کیس کی پہلے بھی انکوائری کرچکا ہے، نیب انکوائری ختم ہوگئی تھی اور سپریم کورٹ کے احکامات بھی ہیں۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ دوبارہ انکوائری شروع کرکے چارج شیٹ جاری کرنا خلاف قواعد ہے۔