پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دے کر بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
ملتان میں کھیلے گئے بلائنڈ ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں گرین شرٹس نے بنگال ٹیم 10 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
بنگلا دیش نے قومی ٹیم کو جیت کے لئے 140 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 11 ویں اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے نثار علی نے 31 گیندوں پر 72 اور محمد صفدر نے 47 رنز بنائے۔
پاکستان نے پہلی بارٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور قومی ٹیم رواں ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چئیرمین سیدسلطان شاہ نے پاکستانی ٹیم اور پوری قوم کو ورلڈ کپ کی جیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔
محسن نقوی کی مبارکباد
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا اور پورے ٹورنامنٹ میں بلائنڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کپتان نثار علی اور محمد صفدر نے شاندار بیٹنگ کی اور فائنل میں فتح سمیٹی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو بھی مبارک باد دیتا ہوں، بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نےجذبے کے ساتھ محنت کی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اعزاز جیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔