مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ اسلام آباد میں جو ہوا وہ ایک ٹریلر تھا۔
اپنے حالیہ بیان میں پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ن لیگی رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے بعد پی ٹی آئی کو ناکامی ہوئی اور ناکامی کے بعد یہ بزدلی سے بھاگے لیکن اب ناکامی اور بزدلی چھپانے کیلئے گولیوں اور لاشوں کا بیانیہ بنا رہے ہیں لیکن یہ کیسی گولیاں تھیں جو ان کے کسی ایم پی اے یا ایم این اےی یا سینیٹر کو نہیں لگی؟۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ کیسی گولیاں تھیں جو ان کے عزیز اور اسٹاف کو نہیں لگیں، یہ کہتے ہیں لوگ گولیاں لگنے سے جان سے گئے لیکن وہ آج تک نہیں مل رہے، جس کی ویڈیو یا تصویر لگاتے ہیں کچھ دن بعد اس کے گھر والے تردید کرتے ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جس دن سے بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے شادی ہوئی پوری پی ٹی آئی ایک ہی کام کر رہی ہے، پوری پی ٹی آئی ان کے کرتوت کی صفائیاں دیتی ہے، حکومت میں بزدار کو لگانے اور پنکی گوگی گٹھ جوڑ کی صفائیاں دیتے تھے، اب ساری پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کے کرتوت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسی گولیاں تھی جو کسی اہم پی ٹی آئی عہدیدار کو نہیں لگیں؟، چند کارکنوں اور عام شہریوں کا نام لیتے ہیں جو کبھی اسلام آباد نہیں آئے، جھوٹ کے بیانیہ کی انتہا ہوتی ہے، ریاست کے صبر کی بھی انتہا ہے، سکیورٹی فورسز خوارج کے خلاف لڑ رہی ہیں، افسران اور جوان شہید ہورہے ہیں لیکن جوانوں کی شہادتوں پر انہیں ٹویٹ اور جنازے میں جانے کی توفیق نہیں ہوتی، ان کے پاس شہدا کیلئے کوئی وقت نہیں، ضلع کرم میں سیکڑوں لوگ شہید ہوئے لیکن ان کے کانوں پر جوں نہیں رینگی، کیا ضلع کرم میں مرنے والے انسان نہیں؟، کیا خوارج کے خلاف لڑنے والے سکیورٹی اہلکار کی لاشیں نظر نہیں آتیں؟۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے صبر کو آزمانا نہیں چاہیے، اسلام آباد میں ریاست کے خلاف بغاوت اور چڑھائی کی گئی، اسلام آباد میں ان کے ساتھ جو ہوا وہ ایک ٹریلر تھا، اب یہ جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں، اگر یہ سمجھتے ہیں اس پر ان سے پوچھا نہیں جائے گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ ہاؤس بھگوڑا ہاؤس بن گیا، ہر اشتہاری ، فسادی اور بھگوڑا وزیراعلیٰ کے پی کے گھر میں موجود ہوتا ہے، ان کے سرکاری وسائل خوارج کے خلاف جنگ اور کے پی کے لوگوں کی صحت اور تعلیم کیلئے نہیں، ان کے سرکاری وسائل جھوٹا بیانیہ بنانے اور وفاق پر چڑھائی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، پنجاب میں ہر دوسرے دن کوئی نیا پروجیکٹ اور سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے، سندھ اور بلوچستان بھی اپنی پوری کوشش اور کاوش کرتے ہیں، کے پی میں دہشتگردی کیخلاف جنگ پر کوئی توجہ نہیں، کے پی میں عام آدمی کی زندگی بہتر کرنے پر بھی کوئی توجہ نہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سیاسی حکومت ہے ، کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہتی، اپنے کام ٹھیک کریں وفاقی حکومت کے صبر کی بھی انتہا ہے، بھگوڑے،اشتہاریوں کو پناہ دینے کے بجائے عدالت کےسامنے پیش کریں۔