انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کے ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔سماعت دو دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔وکیل صفائی فیصل ملک نے کہا کہ آج پی ٹی آئی ورکرز نہیں آسکے کیونکہ اُن سے رابطہ نہیں تھا۔بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں۔ عثمان ڈار آئے تھے جبکہ عمرایوب نے بریت کی درخواست دائر کردی ہے۔
قانون کا تقاضا ہےکہ فرد جرم عائد کرنے سے قبل درخواست بریت سنی جائے۔وکیل نے کہا کہ وزیراعلٰی علی امین گنڈا پورپیش نہیں ہوسکے،استثنٰی کی درخواست دے دی ہے،ملزمان کے ایک سے زیادہ ٹرائل جاری ہیں اور ہرجگہ وہ پیش نہیں ہوسکتے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نےکہا کہ ملزمان کی کوشش ہےکہ سماعت میں تاخیرہو اورحاضری سے استثنیٰ کی درخواست اسی لیے دائرکی گئی ہے،سابق وفاقی وزیرشیخ رشیدبھی پیش ہوئے اورحاضری لگا کر چلے گئے۔ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ عدالت نے کارروائی دو دسمبر تک ملتوی کردی۔