خیبر پختونخوا میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو سال کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے ۔رواں سال صوبے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد پندرہ تک پہنچ گئی ہے ۔
قومی ادارہ صحت نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی یونین کونسل مورگہ میں ستائیس ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی ہے ۔رواں سال ڈی آئی خان سے رپورٹ ہونے والا یہ ساتواں پولیو کیس ہے۔جن میں یونین کونسل مورگہ سے چار، یونین کونسل بہران سے دو جبکہ یونین کونسل درازیندہ سے ایک پولیو کیس شامل ہے۔خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد پندرہ گئی جن میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے سات ، ٹانک، لکی مروت اور کوہاٹ سے دو، دو جبکہ ضلع مہمند، اور نوشہرہ سے ایک،ایک کیس شامل ہے۔ملک بھر میں اس سال اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد چھپن ھوگئی جن میں بلوچستان سے چھبیس, خیبر پختونخوا سے پندرہ سندھ سے تیرہ، جبکہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔