پمزاسپتال کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے گزشتہ روز احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات جاری کردیں۔
انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے دوران 66 سیکیورٹی اہلکار جبکہ 36 مظاہرین زخمی ہوئے اور ترجمان پولی کلینک نے بھی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اسپتال لانے کی تردید کردی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق معمولی زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ کچھ شدید زخمی افراد تاحال اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
پمزانتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر احتجاج کے دوران اموات سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور مظاہرین کے زخموں کی نوعیت کے بارے میں بھی غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
پولی کلینک ترجمان نے بھی سوشل میڈیا پر پولی کلینک کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور واضح کیا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اسپتال نہیں لائی گئیں۔