آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک چین تاریخی شراکت داری وقت کی کسوٹی پر پورا اتری ہے یہ یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا کا وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے میں استحکام ،دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک چین تعلقات کی پائیدار اور ہمہ وقتی نوعیت کا اجاگر کیا اور کہا کہ تاریخی شراکت داری وقت کی کسوٹی پر پورا اتری ہے، یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ آرمی چیف نے پاکستان کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری میں غیر متزلزل وابستگی کو سراہا، معزز مہمان کی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے پائیدار تعلق کو مزید مضبوط کرنے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا، جنرل ژانگ یوشیا نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ معزز مہمان کو چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔