وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کو اسلام آباد میں رہنے کیلئے این اوسی لینا پڑے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بغیراین اوسی کوئی افغان شہری31دسمبر کے بعد اسلام آباد میں نہیں رہ سکےگا۔ افغان باشندوں کو اسلام آباد میں رہنے کیلئے این اوسی لینا پڑے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے جب سے بھاگے ہیں اس کے بعد سے پروپیگنڈا شروع کیا گیا، اسلام آباد میں کسی پولیس اہلکار کے ہاتھ میں گن نہیں تھی، اگر ایک بھی گولی چلائی جاتی تو یہ پوری دنیا میں پھیلادیتے، ان کو شرمندگی چھپانے کا طریقہ نہیں مل رہا۔
اس سے قبل انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران 3 دن میں 954 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا جبکہ 210 گاڑیاں اور بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار مظاہرین میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔