انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے احتجاج کے حوالے سے اب تک 300 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ڈی چوک اسلام آباد میں تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔
اس موقع پر آئی جی پولیس نے واضح کیا کہ پولیس عدالتی حکم اور پر امن اجتماع قانون کی روشنی میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی، شہر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ آپریشن بھی جاری ہیں اور اب تک 300 سے زائد گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ قانون اور ضابطے کے مطابق پولیس اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے، ہائیکورٹ کی ہدایات اور پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس سامنے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتارشدگان میں غیرقانونی مقیم افغان باشندے بھی شامل ہیں۔