طلب میں کمی کے باعث ملک میں سولر پینل اور بیٹریوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔
پاکستان میں سولر پینل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے ساتھ سولر بیٹری کی قیمتوں میں قابل ذکر کمی سامنے آئی ہے۔ سولر بیٹری کی قیمت 20 فیصد تک کم ہونے کے بعد ساڑھے 4 لاکھ روپے والی لیتھیم سولر بیٹری اب 3 لاکھ 80 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
سولر پینلز اور بیٹریوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ان دنوں مارکیٹ میں لیتھیم بیٹریوں کا کام زیادہ ہوگیا ہے۔ کسٹمرز لیتھیم بیٹریوں پر انحصار کر رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان کا بیک اپ پاور زیادہ ہوتا ہے اور معیار کے ساتھ ساتھ یہ لانگ لاسٹنگ بھی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق جو بیٹری 3 یا 4 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہی تھی، اُس کی قیمت اب دو سے ڈھائی لاکھ روپے ہو گئی ہے۔ کیونکہ لیتھیم بیٹریوں کی انڈسٹری میں نئی کمپنیاں آگئی ہیں اور وہ آفرز بھی اچھی دے رہی ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، لوگوں کے کاروبار نہیں چل رہے جس کی وجہ سے لوگ اب سولر پنیلز لگوانے کی بجائے دیگر مسائل کے حل کی جانب توجہ دے رہے ہیں۔
تاجروں کے مطابق سولر پینلز سمیت سولر بیٹریوں کی خرید و فروخت شدید متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے سولر مصنوعات کی قیمتوں میں ’تاریخی‘ کمی واقع ہوئی ہے۔ س وقت مارکیٹ میں سولر پینلز تو موجود ہیں تاہم ان کی فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے۔