بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر تلک ورما نے ٹی 20 فارمیٹ میں نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے نوجوان بیٹر تلک ورما 3 ٹی 20 میچز میں لگاتار سنچریاں کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں اور انہوں نے یہ تاریخی کارنامہ سید مشتاق علی ٹرافی 2024 میں تیسری سنچری اسکور کر کے سر انجام دیا ہے۔
تلک ورما نے جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے جانے والے آخری 2 ٹی 20 میچز میں سنچریاں اسکور کی تھیں اور اس کے بعد سید مشتاق علی ٹرافی کے میچ میں ایک اور سنچری بنا کر تاریخ رقم کی ہے۔
سید مشتاق علی ٹرافی کے میچ میں میگھالیہ کے خلاف کھیلتے ہوئے تلک ورما نے 10 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 151 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 225.37 رہا۔
دوسری جانب تلک ورما ٹی 20 میں اپنے ہم وطن بیٹر شریاس ایئر کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔
تلک ورما T20 میں 150 سے زیادہ اسکور کرنے والے پہلے ہندوستانی کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 22 سالہ نوجوان کرکٹر نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں 107 رنز اور اس کے بعد جوہانسبرگ میں ناقابل شکست 120 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔