نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی ( نیکٹا ) اور خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔
نیکٹا کی جانب سے جاری کردہ تھریٹ الرٹ کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا خطرہ ہے اور اس کے ارکان پاکستان کے بڑے شہروں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
حملے کی غرض سے کئی حملہ آور پہلے سے ہی پاک ، افغان سرحد پار کرچکے ہیں۔
حملہ آور 19 اور 20 نومبر کی رات مختلف شہروں میں داخل ہوئے اور دہشت گردوں کی جانب سے جلسے جلوسوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج پر بھی حملہ ہوسکتا ہے۔
نیکٹا کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنےکی ہدایات کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے بھی احتجاج کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق خوارج نے پی ٹی آئی احتجاج میں خودکش دھماکے کا منصوبہ بنایا ہے، متعلقہ ادارے دہشتگردی کے واقعے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔