وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے آذربائیجان میں کوپ ٹوینٹی نائن کے سیشن ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈ اورمنسٹریل راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شرکا کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور ٹرانسپورٹ کوریڈورز کی ڈیجیٹلائزیشن جیسی جدید ٹیکنالوجی کا اجرا ء خوش آئند قرار دیا ۔
عبدالعلیم خان نے کہا مستقبل میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اورآٹومیشن کا کردارنظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس فورم سے مثبت اور قابل عمل تجاویز کے ساتھ پاکستان واپس جائیں گے۔ دیگر ملکوں کےتجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اس شعبے میں تیزی سے آگے جائےگا ۔
عبدالعلیم خان نے آذربائیجان اور ترکیہ کے وزرا کی ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور خصوصی مراعات کی پیشکش بھی کردی ۔
ان کا کہناتھا کہ ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈ موجودہ تقاضو ں سے ہم آہنگ ہونے کا ذریعہ ہے ایسےاقدام فیصلہ سازی،تجربات سےمستفید اور دیرپا پالیسیوں میں معاون ہوتے ہیں ، مستقبل میں اے آئی اورآٹومیشن کا کردار ایک حقیقت ہے ، اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔
وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلیوں کو دنیا بھرکیلئے چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ذرائع آمدورفت میں گرین ٹیکنالوجی کا فروغ اور دھواں کم کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔
کانفرنس کی سائیڈ لائن پر عبدالعلیم خان کی آذربائیجان اور ترکیہ کے وزرا ٹرانسپورٹ سے اہم ملاقاتیں ہوئیں ، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات کی پیشکش کی ۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان حکومت کو پاکستان میں جی ٹو جی سرگرمیوں کی دعوت بھی دی۔