نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کےلیے چین سے تعلقات سے زیادہ کوئی رشتہ اہم نہیں، پاکستان کسی کو بھی چین سے گہرے تعلقات متاثرنہیں کرنے دے گا۔
بیجنگ میں چین کے تھنک ٹینک اور اسکالرز سے گفتگو میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی ہرموقع پرثابت قدم رہی، سی پیک کی بدولت گزشتہ10سال میں پاکستان کامنظرنامہ تبدیل ہوا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چار روزہ دورہ چین میں آج بیجنگ میں مصروف دن گزاریں گے، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے ہیں۔ وزیراعظم آج روس کی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم کینیا اور سری لنکا کے صدور سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ چینی صدر کے عشایئے میں بھی شریک ہوں گے۔
دورہ چین سے قبل نگران وزیراعظم کاکڑ کا بین الاقوامی جریدےمیں خصوصی مضمون شائع ہوگیا۔ انوارالحق کاکڑ نے لکھا بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی ایک دہائی مکمل ہوئی جو صدر شی جن پنگ کی بصیرت کا مظہر ہے۔پاک چین تعلقات کی بنیاد 70 سال پہلے وژن اور ٹھوس بنیاد پر رکھی گئی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کا بہترین دوست ہے۔ مسحور کن بات ہے کہ چین میں آئرن برادر کی اصطلاح صرف پاکستان کے لیے مخصوص ہے۔ وزیراعظم نے لکھا کہ صدر شی چن پنگ کی بصیرت کے تصور کا بنیادی حصہ سماجی اور اقتصادی ترقی پر مبنی ہے۔ بی آر آئی مشترکہ مستقبل کے لیے عالمی برادری کا ایک اہم ستون ہے۔