بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی ہوگئی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیب ریفرنس پر سماعت کی جس کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور ملزمان کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے۔
وکیل فیصل چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے کہ بریت کی درخواستوں پر پہلے فیصلہ کیا جائے، پراسیکیوشن شواہد ریکارڈ کرا چکی ہے اسی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔
پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے ملزمان کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی استدعا کی گئی اور پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو 5 مواقع دیے جا چکے وہ سوال نامے کا تحریری جواب بھی دے سکتے تھے۔
عدالت کی جانب سے ملزمان کو 19 نومبر کو 342 کے سوال نامے کے جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کل ہر صورت اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
بعدازاں، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔