آسٹریلیا نے پاکستان کو آخری میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
پاکستان نے تیسرے ٹی 20 میں جیت کے لئے آسٹریلیا کو 118 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 11.2 اوورز میں آسانی سے حاصل کرکے سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ہوبارٹ میں مدمقابل تھیں جہاں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آخری ٹی 20 میں پاکستان کی جانب سے اسکواڈ میں چند اہم تبدیلیاں کی گئیں اور محمد رضوان کی جگہ سلمان آغا کو قیادت سپرد کی گئی۔
حسیب اللہ کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی جبکہ جہانداد خان نے آج کے میچ میں ڈیبیو کیا۔
پاکستانی اننگ
قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی اور 18.1 اوورز میں 117 رنز پر ساری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
بابر اعظم 41 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے اور حسیب اللہ خان نے 24 اور شاہین آفریدی نے 16 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان9 ، عثمان خان 3، کپتان سلمان آغا 1، عرفان خان 10، ، عباس آفریدی 1، جہانداد خان 5، حارث رؤف صفر اور صفیان ایک سکور بناسکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایڈم زمپا اور سپینسر جانسن نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلوی اننگ
جواب میں آسٹریلیا نے 118 رنز کا ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، مارکس سٹوننس نے 27 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں جوش انگلس نے 27 اور جیک فریسر نے 18 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، جہانداد اور عباس آفریدی نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سپینسر جانسن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔