نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینیوں کے خلاف انسانیت سوز جنگی جرائم پر اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ کر دیا ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کی جہاں انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف انسانیت سوز جنگی جرائم پر اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی مہم جوئی سےعلاقائی امن و استحکام داؤ پر لگ چکا ہے، عالمی برادری غزہ میں جاری نسل کشی بند کروائے ۔
نائب وزیراعظم نے مسئلہ فسلطین کے حل کیلئے عرب لیگ کی غیرمتزلزل حمایت اور کوششوں کو سراہا۔
سعودی دارالحکومت میں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ ہیکان فیدان سے ملاقات بھی ہوئی جس کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔