چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہرمحمود اشرفی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست پاکستان دہشتگردوں کے خلاف سخت ایکشن لے۔
اتوار کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جوں جوں پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے دہشت گردی کی جارہی ہے، دہشت گردی کرنے والوں کا تعلق کسی صوبہ یا کسی طبقہ سے نہیں۔
چیئرمین علما کونسل کا کہنا تھا کہ خارجی دہشت گرد بی ایل اے کے لوگ ملک کو غیرمستحکم اور پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ جس نے خود کش حملہ کیا وہ امریکی اسلحہ سے لیس تھا، اس کی وردی گن ٹوپی دیکھیں جو امریکہ جاتے ہوئے افغانستان میں چھوڑ گیا، ریاست پاکستان سےمطالبہ ہے دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کب تک بلوچستان حقوق کے نام پر انسانوں کے قاتلوں کو ہیرو بنایا جائیگا؟۔
ان کا کہنا تھا کہ جو دہشت گردوں کو مسنگ پرسن کے نام پر ہیرو بناتے ہیں انکے خلاف ایکشن لیا جائے، پاکستان کو سزا اس لئے دی جا رہی ہے وہ عالم اسلام کا عظیم ملک ہے۔