بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے اگر بی سی سی آئی نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
بھارتی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں عدم شرکت کے حوالے سے خبریں زیر گردش ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا۔
لازمی پڑھیں ۔بھارتی بورڈ نے پاکستان نہ جانے کے معاملے پر آئی سی سی کو آگاہ کردیا
چند روز قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹیم آئی سی سی ایونٹ کے لئے پاکستان ہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگا۔
گزشتہ روز کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی بورڈ نے معاملے پر آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے آئی سی سی کو پاکستان جانے کے بارے میں حکومت سے اجازت نہ ملنے کا بتایا گیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی پرعزم ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا اور ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
اب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی بورڈ ہمیں پاکستان جانے کی اجازت دے تو ہمیں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما کا کہنا تھام کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے فیصلہ دونوں بورڈز نے کرنا ہے ، یہ معاملہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔
روہت شرما کا کہنا تھا کہ ہم تو ٹورنامنٹ کے لیے آگے کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں، بورڈ جہاں بھیجتا ہے ہم کھیلنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان طویل عرصے بعد آئندہ برس فروری، مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کی صورت میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔