پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں شکست دے کر 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیت لی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پرتھ میں مدمقابل تھیں جہاں گرین شرٹس نے کینگروز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔
پرتھ میں کھلیے گئے تیسرے میچ میں کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 32 اوورز میں 140 رنز بنائے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں گرین شرٹس نے مقررہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 26.5 اوورز میں حاصل کیا اور 1-2 سے سیریز اپنے نام کی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 42 اور عبداللہ شفیق 37 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 30 اور بابر اعظم نے 28 رنز کی اننگ کھیلی اور دونوں ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے، جیک فریزر میکگورک صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور میتھیو شارٹ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان جوش انگلس بھی 7 ہی رنز بناسکے، ایرون ہارڈی نے 12 رنز اسکور کیے، کوپر کونولی 7 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
گلین میکسویل مسلسل تیسرے میچ میں حارث رؤف کا شکار بنے، وہ صفر پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، آل راؤنڈر مارکس اسٹونئس بھی 8 رنز ہی بناسکے، ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے 3-3 اور حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کے باؤلر حارث رؤف کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی کی مبارکباد
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، باولنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے عمدہ باولنگ کرکے آسٹریلیا کو کم سکور پر آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کرکے فتح دلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ جذبے ، محنت اور عزم سے کئے ہر کام میں کامیابی ملتی ہے۔