نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ہمارے لئے ایٹم بم ہے، ملک کے وسائل کم اور آبادی زیادہ ہے جو کہ بہت ہی خطرناک ہے۔
اسلام آباد میں آل پاکستان خواتین کنونشن برائے فیملی پلاننگ کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ ملک کی آبادی بڑھ رہی ہے لیکن وسائل نہیں بڑھ رہے، ہمارے پاس دو ہی آپشن ہیں کہ یا ہم اپنے وسائل بڑھائیں یا پھر آبادی کم کریں۔
نگران وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خاندان اور سوسائٹی میں توازن کا سوچیں، ایران کا فیملی ہیلتھ ماڈل پڑھا ہے ہم بھی تعلیم میں یہ چیزیں شامل کر سکتے ہیں۔
ندیم جان کا کہنا تھا کہ فیملی پلاننگ بھی صحت کا ایک جزو ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت افتخار شلوانی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان نے صوبائی اور ضلع کی سطح پر ایک جنگ ہے جو لڑنی ہے اور ہم یہ جنگ خواتین کے بغیر نہیں جیت سکتے۔
سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس اور سیلاب کے دوران صحت کے شعبے میں کام کرنے والوں نے بہترین کام کیا، کورونا کے دوران ہماری اموات کی شرح باقی ممالک سے کم رہی۔
افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ پولیو اور کورونا کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا گیا، ہمیں اس کام میں بھی اسی طرح ایک ہو کر کام کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم فیملی پلاننگ کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم شروع کریں گے۔