وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے احتجاج اور جلسوں کا مقصد اڈیالہ جیل کے قیدی کے لئے این آراو لینا ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں پی ٹی آئی کے صوابی جلسہ پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ فتنہ پارٹی کے پی میں جلسہ جلسہ کھیلے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، جلسے میں بندے فی کس ایک ہزار پر لائیں یا پانچ ہزار دیہاڑی پر ہمیں مسئلہ نہیں۔
وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ آج صوابی جلسے میں سرکاری عملہ اورپولیس اہلکاروں کوسادہ کپڑوں میں لایا جائیگا اور جلسہ گاہ میں ہی تمام سرکاری ملازمین کی حاضریاں لگیں گی
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پختونوں کی فلاح کیلئے وفاق کے دیئے فنڈزاحتجاج اورجلسوں کی نذر ہو رہے ہیں، گزشتہ روز ہی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے رہا ہونے والے پارٹی کارکنوں کوہزار ہزارروپے دئیے، جنہیں پانچ پانچ ہزار کی عادت ہو وہ ایک ہزار ملنے پر شکوے تو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اور جلسوں کا مقصد اڈیالہ جیل کے قیدی کے لئے این آراو لینا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جہنوں نے امریکہ سے چھین کرآزادی لینی تھی وہ ”ٹرمپ کی غلامی “کیلئے مررہے ہیں ، اڈیالہ جیل کا قیدی ذاتی فائدے کیلئے ہرکسی کے پاﺅں پکڑنے کیلئے تیار رہتا ہے۔