انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں رہنما تحریک انصاف اسدعمر، علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانتیں منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور اسدعمر کی ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی، پولیس کیجانب سے عدالت میں ریکارڈ جمع نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو حتمی بحث کےلیے طلب کرلیا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسدعمر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا اپنا ملک ہے انہیں ادھر ہی ہونا چاہیے، نواز شریف کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حق میں آواز اٹھائیں، فلسطین کے حق میں آپ آواز اٹھائیں گے تو دنیا کشمیر کےلیے آواز اٹھائے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعت کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو ہونا چاہیے، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اثرات دیگر اشیاء پر بھی ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہیں تو پھر کسی کو نہیں ہونی چاہیے، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے ن لیگ کو اجازت ہے لیکن پی ٹی آئی کو نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کی ،اجازت نہیں ہے۔