وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ کم خرچ اور تیز ترین کارگو سروس سے ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں بہتری کے لئے قرض نہیں لیں گے بلکہ نجی شعبے کو سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کریں گے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت فوکل گروپ کا اجلاس ہوا۔ فوکل گروپ نے چین کے اشتراک سے ریلوے ٹریک کی تعمیر میں درپیش مشکلات کے حل پر غور کیا۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کی کراچی پورٹ سے پشاور تک تیز ترین ریلوے ٹریک کی تجویز پر بھی مشاورت ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین اور روس پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ عارضی ریلیف نہیں بلکہ ریلوے کی بہتری کیلئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں لوگ ٹرین میں سیاحت و تفریح کےطور پر سفرکرتے ہیں۔ ریلوے سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے ہمیں اپنے ٹرین ٹریک کو محفوظ، مضبوط اور تیز تر بنانا ہوگا۔ جدید ریلوے سے پاکستان،ایران، چین اور وسط ایشیائی ممالک تک منسلک ہو سکتا ہے۔