انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ( ای پی اے ) نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں نومبر سے فروری تک اسموگ کے خدشے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) اسلام آباد کو خط لکھ دیا۔
جڑواں شہروں میں بھی نومبر سے فروری تک اسموگ چھانے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے احتیاطی تدابیر کیلئے ڈی سی اسلام آباد کو خط لکھ کر فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے کالا دھواں چھوڑنے والے اینٹوں کے بھٹوں ، صنعتوں اور گاڑیوں پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
ای پی اے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، ملتان اور فیصل آباد کی طرح اسلام آباد راولپنڈی بھی اسموگ کی زد میں ہیں ، آنے والے ہفتوں میں مشرقی اور وسطی پنجاب کی طرح خطہ پوٹھوہار میں بھی ہوا کا معیار گرے گا۔
خط میں کہا گیا کہ نومبر سے فروری تک 4 ماہ میں اسموگ کے خطرے کا توڑ کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور ڈی سی اسلام آباد دفعہ 144 نافذ کر کے کالا دھواں پھیلانے والے اینٹوں کے بھٹے 4 ماہ کیلئے بند کر دیں جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صنعتوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔
اسلام آباد شہر اور مضافات میں کوڑا اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف بھی سخت ایکشن لیں ۔
انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا ہے اسموگ سے لوگوں کی صحت ، فضا اور معیشت بُری طرح متاثر ہوتے ہیں ، دل ، سانس ، آنکھوں اور جلد کے امراض بھی پھیلتے ہیں ۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ای پی اے اسموگ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، ضلعی انتظامیہ کےتعاون سے ہی فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔