پاکستان میں غیرقانوی طور پر مقیم 5 ہزار سے زائد افغان مہاجرین چمن بارڈر کے راستے واپس افغانستان چلے گئے، حکومت پاکستان نے اجازت کے بغیر مقیم غیرملکیوں کو 31 اکتوبر تک پاکستان سے چلے جانے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔
بلوچستان کے علاقے چمن سے متصل پاک افغان بارڈر کے راستے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 5 ہزار سے زائد افغان مہاجرین واپس افغانستان جاچکے ہیں، ڈیڈ لائن کے قریب آنے کے ساتھ ہی افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں اضافہ ہورہا ہے۔
حکومت کی جانب سے پاکستان میں مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو پاکستان سے نکل جانے کے حکم کے بعد پاک افغان چمن بارڈر کے راستے افغان مہاجرین کی اپنے ملک افغانستان رضاکارانہ طور پر واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق اب تک چمن بارڈر کے راستے 5 ہزار سے زائد افغان مہاجرین واپس اپنے ملک افغانستان جاچکے ہیں، کراچی سمیت مخلتف علاقوں سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ طور پر انخلاء میں اضافہ ہورہا ہے اور افغان مہاجرین اپنے گھریلوں سامان سمیت واپس افغانستان جارہے ہیں۔