محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں ژالہ باری بارشی کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب، بالائی سندھ، شمال مشرقی / جنوبی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقو ں میں موسم خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا، سب سے زیادہ بارش لاہور (ایئرپورٹ 78، سٹی 59)، چکوال 52، حافظ آباد 15، قصور، سیالکوٹ ایئرپورٹ 12، نارووال، گجرات 10، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سٹی 8، منڈی بہاء الدین 4، منگلا، جہلم ایک، مالم جبہ 17، بنوں 13، دیر 11، کالام 8، سیدو شریف 7، میر خانی 4، پاراچنار 3، چراٹ، دروش ایک، کوٹلی 5، مظفر آباد ایئرپورٹ اور سٹی 4، بگروٹ 3 اور بونجی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق شہید بینظیر آباد 39، بہاولپور میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ کے مطابق اتوار(رات) سے منگل کے دوران تیز / موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے جبکہ مری، گلیات کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔