امریکی صدارتی الیکشن میں حکمران جماعت کی امیدوار کملا ہیرس نے اپنی انتخابی مہم میں آخری تقریر کے لیے ایلپسی گراؤنڈ کا انتخاب کیا ہے جہاں وہ 20 ہزار کے مجمع سے خطاب کریں گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کملا ہیرس اس پارک کے انتخاب سے یہ باور کرانا چاہتی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ جمہوریت کے لیے کتنا بڑا خطرہ ہیں۔
خیال رہے کہ اسی مقام پر 6 جنوری 2021 کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی شکست کو تسلیم نہ کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو کیپیٹل ہل پر حملے کے لیے اکسایا تھا۔
کملا ہیرس اپنی تقریر میں جمہوریت کی اہمیت اور امریکا میں جمہوری روایات پر گفتگو کریں گی۔ وہ اپوزیشن جماعت ریپبلکن کے ووٹرز سے ٹرمپ کی حمایت چھوڑ کر امن اور جمہوریت کو ووٹ دینے کا مطالبہ بھی کریں گی۔
ڈیموکریٹس کی امیدوار کملا ہیرس ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنائیں گی اور امریکیوں کو کچھ نئی خوش خبریاں بھی سنائیں گی۔
یاد رہے کہ ٹرمپ کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ان کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر حملہ کرکے جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔ ارکان اسمبلی نے خود کو کمروں میں محصور کرکے جانیں بچائی تھیں۔
پولیس کے جھڑپوں اور پُرتشدد واقعات میں 5 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ حملہ آور کارکنان میں سے درجنوں کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔ چند ایک کو سزا بھی ہوئی ہے۔