انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس کے دورہ پاکستان کے دوران ، ان کی غیر موجودگی میں گھر میں چوری کی واردارت کا انکشاف ہواہے ، کھلاڑی نے کسی بھی طرح کی معلومات رکھنے والے شہریوں سے پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بین سٹوکس کے ڈرہم کے علاقے کاسل ایڈن میں واقع گھر کو 17 اکتوبر کی شام کو لوٹ لیا گیا، واردات کے دوران کھلاڑی کی اہلیہ اور دو بچے گھر پر ہی موجود تھے ۔
اس چوری کی واردات کے دوران ان کا ناقابل تلافی نقصان ہواہے کیونکہ چور 33 سالہ کھلاڑی کے زیورات ، پیسے قیمتی سامان کے علاوہ کچھ ذاتی سامان بھی چرا کر لے گئے ہیں جن سے ان کی جذبات جڑے ہیں ۔ بین سٹوکس نے کسی بھی معلومات رکھنے والے شخص سے پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا: "جمعرات 17 اکتوبر کی شام کو کچھ نقاب پوش افراد نے میرے گھر میں چوری کی ، وہ جواہرات، قیمتی سامان اور ذاتی اشیاء لے گئے۔ ان میں سے زیادہ تر اشیاء میرے اور میرے خاندان کے لیے جذباتی اہمیت رکھتی ہیں اور ناقابلِ تلافی نقصان ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ "سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اس جرم کا ارتکاب اس وقت کیا گیا جب میری اہلیہ اور دو چھوٹے بچے گھر میں موجود تھے۔ خوش قسمتی سے میرے خاندان کو جسمانی نقصان نہیں پہنچا، لیکن اس واقعے کا ان کی ذہنی اور جذباتی حالت پر اثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کچھ چوری شدہ اشیاء کی تصاویر جاری کی ہیں تاکہ مجرموں کو پکڑنے میں مدد مل سکے۔ اسٹوکس نے درخواست کی کہ اگر کسی کے پاس کوئی معلومات ہو تو ڈرہم پولیس سے کرائم ریفرنس CRI00575927 کے ساتھ 101 پر رابطہ کریں۔
آخر میں، اسٹوکس نے پولیس کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں موجودگی کے دوران بھی پولیس نے ان کے خاندان کا بھرپور ساتھ دیا۔انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں اسٹوکس نے ملتان میں دوسرا میچ کھیلا تھا۔