وزارت پیٹرولیم نے روپے کی قدر میں بہتری اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے کمی کے پیش نظر عوام کی بجائے آئل کمپنیوں اور ڈیلرز کو ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت پٹرولیم نے آئل کمپنیوں کو نوازنے کےلیے پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع میں 88 پیسے فی لیٹراضافے کی تجویز دے دی۔ پٹرول اور ڈیزل پرآئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کا منافع مزید بڑھ جائے گا۔
وزارت پٹرولیم کی جانب سے 16 اکتوبر سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں47 پیسے فی لیٹر جبکہ پٹرول اورڈیزل پر ڈیلرزمنافع میں فی لیٹر41 پیسے اضافے کی تجویز ہے۔
یاد رہے کہ او ایم سی اور ڈیلرز مارجن 16ستمبر اور یکم اکتوبر کو بھی بڑھایا جا چکا، اس وقت فی لٹرپٹرول پر کمپنیاں 6 روپے 94 پیسے جبکہ فی لٹر پٹرول پرڈیلرز 7 روپے 82 پیسے منافع لے رہے ہیں۔ فی لٹر ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز کا منافع7 روپے 8 پیسے ہے۔ فی لٹر ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 7 روپے 82 پیسے وصول کیا جارہا ہے۔