سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ ( انڈیپنڈنٹ گروپ ) نے میدان مار لیا جبکہ حامد خان گروپ دوسرے نمبر پر رہا۔
منگل کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا انعقاد ہوا اور صبح 8 بجے سے 5 بجے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہا، سپریم کورٹ بار کی 5 نشستوں پر مجموعی طور پر 17 امیدوار آمنے سامنے تھے ۔
صدر کی نشست پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے میاں محمد رؤف عطا امیدوار تھے جبکہ منیر احمد خان کاکڑ حامد خان گروپ کے صدر کے امیدوار تھے۔
سیکرٹری کی سیٹ پر سلمان منصور اور ملک زاہد اسلم کے درمیان مقابلہ ہوا اور نائب صدر پنجاب کی سیٹ پر رانا بختیار اور رانا غلام سرور کے درمیان مقابلہ ہوا ، ایڈیشنل سیکرٹری کی سیٹ پر محمد اورنگزیب اور راجہ زبیر حسین مقابلے میں تھے جبکہ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر اورنگزیب میر اور چوہدری تنویر کے درمیان مقابلہ ہوا۔
پرنسپل سیٹ
سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ پر 769 وکلاء رجسٹرڈ ووٹرز تھے جبکہ کل 682 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
ووٹوں کی گنتی کے بعد جاری نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار میاں رؤف عطاء350 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ حامد خان گروپ کے امیدوار منیر کاکڑ 331 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
بہاولپور
بہاولپور سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار محمد رؤف عطا 54 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ حامد خان گروپ کے منیر احمد کاکڑ 38 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
لاہور
لاہور میں بھی رؤف عطا نے 558 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ منیر کاکڑ نے 484 ووٹ حاصل کیے۔
خیال رہے کہ لاہور میں ووٹوں کی گنتی دو بار کی گئی۔
دوبارہ گنتی کے بعد بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار میاں رؤف عطا کی جیت برقرار رہی تاہم، دوبارہ گنتی میں میاں رؤف عطا کے 26 ووٹ کم ہوئے اور 558 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ منیر کاکڑ کے 26 ووٹ بڑھنے کے بعد 484 ہوگئے۔
ملتان
ملتان سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار رؤف عطا کو 125 ووٹ ملے جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 85 ووٹ لے سکے، یوں رؤف عطا نے 40 ووٹوں کی لیڈ سے برتری حاصل کی۔
میاں رؤف کی گفتگو
الیکشن میں کامیابی پر میاں رؤف عطاءکا کہنا تھا کہ اپنی کامیابی پر قائدین اور وکلاء برادری کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جو اعتماد دیا، اس پر پورا اتروں گا۔
وزیر اعظم کی مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے نو منتخب صدر میاں رﺅف عطا اور گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد پیش کی اور اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ امید ہے تمام نومتخب عہدیداران بار اور وکلاء کی فلاح وبہبود کا مشن جاری رکھیں گے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ وکلا آئینی ترمیم پرعملدرآمد اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے مثبت کردار جاری رکھیں، وکلا برادری کو مبارکباد کہ انھوں نے رﺅف عطاء کی صورت میں بہترین قیادت منتخب کی۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے نو منتخب عہدیداران وکلاء برادری کے مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
وزیر قانون کی مبارکباد
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بھی عاصمہ جہانگیرگروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ
نئے صدر میاں رؤف عطاء بار اور وکلاء کی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھیں گے ، انڈیپنڈنٹ گروپ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور آئین اور قانون کی بالادستی پر قائم رہا، سب سے بڑی بار کے انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔