پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے قومی ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود سے کئے جانے والے طنزیہ سوالات کے معاملے پر ردعمل جاری کردیا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے بعد رمیز راجا نے پوسٹ میچ کانفرنس کے دوران طنز کرتے ہوئے شان مسعود سے سوال کیا تھا کہ ’ چھ مسلسل شکستوں کا ریکارڈ کیسے بنایا ؟ رمیز راجا جیت کے باوجود شان مسعود پر طنز کرتے رہے جس پر پی سی بی نے سابق چیئرمین پی سی بی اور کمنٹیٹر کے کمنٹس کا نوٹس بھی لیا۔
سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے رمیز راجا کو اس معاملے میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تاہم، سابق پی سی بی چیئرمین نے اپنے وی لاگ میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں سے سوال کرنا میرا حق ہے اور شان مسعود کو نیچا دکھانا میرا مقصد نہیں تھا، وہ میرے بیٹے کی عمر کے ہیں۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی باتوں پر میں توجہ دیتا، مجھ پر دباؤ ڈالنے کیلئے یہ سیاست کی جاتی ہے، جو کرکٹ نہیں کھیلے وہ بھی اس پر بات کرتے ہیں اور ایسا لگتا ہے پاکستان کرکٹ زندہ ہی سوشل میڈیا پر ہے۔