پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی پارلیمانی پارٹی نے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی منظوری دے دی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ پارلیمانی پارٹی نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کی تائید کی جبکہ ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول سمیت احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کی گفتگو
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی اور پارٹی امور پر گفتگو ہوئی ہے اور رہنماؤں کے خیالات سنے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عوام سے جو ہمارا تعلق ہے وہ پارلیمانی پارٹی کی وجہ سے ہے، پارٹی قیادت منتخب ارکان پارلیمان سے رابطے میں رہے گی ، ہر لمحہ ممبران کیلئے حاضر ہوں، فیصل چوہدری سے کوئی لڑائی نہیں۔
اسلم گھمن کو شرکت سے روک دیا گیا
اجلاس سے قبل ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے ) اسلم گھمن پارلیمانی اجلاس میں پہنچے جہاں انہیں بیٹھنے سے روک دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بریگیڈیئر(ر) اسلم گھمن کو شوکاز نوٹس کے باعث پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہ ملی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ جن ارکان کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے ، اُن کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں اور شوکاز نوٹس کے جواب تک آپ اجلاس میں نہ بیٹھیں۔
بعدازاں، چوہدری اسلم گھمن اجلاس سے واپس چلے گئے۔