پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بلوچستان میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر عوامی اور قبائلی جرگہ بلانے کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت جنگی ماحول ہے بلوچستان کی شاہراہیں محفوظ نہیں ، قومی شاہراہوں پر درجنوں افراد کو قتل اور ٹرکوں کو جلا دیا جاتا ہے ۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا نہیں جاتا کہ گاڑیوں کو کون آگ لگاتا ہے ، دکی میں غریب مزدوروں کے قتل کا کوئی جواز نہیں بنتا ۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے نام پر کروڑوں روپے ٹیکس لیے جاتے ہیں مگر پھر بھی عوام اور کاروباری طبقہ محفوظ نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان مسائل پر جرگہ بلایا جائے تاکہ عوام اور یہاں بسنے والے قبائل سے مشاورت کی جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 اور 9 نومبر کو لورالائی جبکہ 10 نومبر کو ژوب اور پھر کوئٹہ میں جرگے منعقد کئے جائیں گے۔