سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب پیشی کے بعد اٹک واپس لے جاتے ہوئے قیدی وینز پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تاہم پولیس نے بیشتر قیدیوں کو واپس گرفتار کر لیاہے جبکہ معاملے پر اسلام آباد پولیس نے باضابطہ بیان بھی جاری کر دیاہے ۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس82 قیدیوں کوعدالت پیشی کےبعداٹک جیل منتقل کررہی تھی کہ اس دوران 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کردیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔ملزمان کے حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی جبکہ 3 حملہ آور وں کو گرفتار کر لیاگیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردئیے ہیں۔حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہناہے کہ قیدی وینز پر حملہ ملک لیاقت علی کے بیٹے نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے کیا ، قیدی وینز میں کے پی کے کے معاون خصوصی بہبود آبادی ملک لیاقت موجود تھے ، ارکان صوبائی اسمبلی انور زیب اور یاسر قریشی بھی قیدی وین سے فرار ہوئے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملک لیاقت اور اس کے بیٹے کو دوبارہ گرفتار کر لیاہے ۔