وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے شاہراہ این 25 پر نئے تعمیر شدہ حب پل کاافتتاح کردیا ہے ، این ایل سی اوراین ایچ اےنےایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نیسپاک کے اشتراک سے یہ منصوبہ مکمل کیا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلوچستان اور صوبہ سندھ کے سنگم پر حب پل کی تعمیر 1180 ملین روپے کی لاگت سے ہوئی، این ایل سی اور این ایچ اے نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نیسپاک کے اشتراک سے یہ منصوبہ مکمل کیا، حب پل 488میٹرطویل، جدید تعمیراتی عمل کا امتزاج، ٹریفک کی روانگی بحال ہوگی، حب کا پل کراچی سے چمن تک کی 815کلومیٹر طویل شاہراہ کو منسلک کرے گا، کراچی سے گوادر تک تجارتی سامان کی ترسیل اور نقل و حمل کیلئے حب پل اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پل سے کراچی سے بیلا، خضدار، قلات اور کوئٹہ تک تجارتی سامان کی نقل و حمل میں مدد ملے گی، اس دو رویہ حب پل سے روزانہ لگ بھگ 17 ہزار سے زائد گاڑیاں گزریں گی،اس پل کی تعمیر 20 اکتوبر 2022 کو شروع ہو کر 2 سال کے مقررہ وقت میں مکمل ہوئی، انفراسٹرکچر کی مضبوطی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست، ذرائع مواصلات بہتر بنا رہے ہیں، ایسے منصوبوں کی تکمیل بلوچستان جیسے صوبے کی ترقی میں معاون ثابت ہو گی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حب "ریور برج" جیسے میگا منصوبے کی معیاری اور بروقت تکمیل خوش آئند امر ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اعلی معیار، ایمانداری اور شفافیت کے رہنما اصول ہمیشہ پیش نظر رکھے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو وسائل کا درست استعمال اور مالیاتی استحکام یقینی بنانا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے، این ایل سی اور تمام عملے کو حب پل کی تعمیر پر شاباش دی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نئے پل کا افتتاح کیا اور تعمیراتی کاموں سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چئیرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو حب پل کی تعمیر پر بریفنگ دی ۔