ملک میں گھروں کی خریداری وتعمیرکیلئے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی میں ستمبرکے دوران ماہانہ اورسالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق ستمبر2024کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے گھروں کی خریداری وتعمیرکیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کاحجم 202ارب روپے ریکارڈ کیاگیا جو اگست کے مقابلہ میں 0.3فیصد اورگزشتہ سال ستمبرکے مقابلہ میں 3.1فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں گھروں کی خریداری وتعمیرکیلئے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی کاحجم 202 ارب روپے اورگزشتہ سال ستمبرمیں 208ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق ستمبر کے اختتام پر نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 8412 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 4.9 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8020 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اگست کے مقابلہ میں نجی شعبہ کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق ستمبر میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کے کا روبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم7237 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 5.20 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر نجی شعبہ کے کا روبار کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 6880 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اگست کے مقابلہ میں ستمبر میں نجی شعبہ کے کا روبار کو بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجراء میں ماہانہ بنیادوں پر 2.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اعدادوشمارکے مطابق ستمبر کے مہینہ میں گاڑیوں کی خریداری کیلئے بینکوں کی جانب سے مجموعی طور پر 228 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے جو اگست کے مقابلہ میں 0.1 فیصد اور گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 16.4 فیصد کم ہے۔