صدر مملکت آصف زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسی وحشیانہ کاروائیوں کے درد اور تکلیف کو سمجھتا ہے ، پاکستان مشکل کی گھڑی میں ترک بھائی، بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔
صدر مملکت نے بزدلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔ اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے،پاکستان نے اِس کا سامنا کیا، دہشتگرد امن اورانسانیت کےدشمن ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مشترکہ عالمی کوششیں ضروری ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا انقرہ دہشت گرد حملے پر گہرا دکھ اور افسوس ہے، اپنے بھائی رجب طیب اردوغان اور ترکیہ کی عوام کے ساتھ دلی اظہارِ ہمدردی کرتا ہوں، پاکستان اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے، جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں ۔