فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے صوبائی حکومتوں کو غیرقانونی سگریٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اختیار دینے کی تجویز دے دی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی حکومتوں کو غیرقانونی سگریٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اختیار دینے کی تجویز سامنے آئی۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے انکشاف کیا کہ تمباکو سمیت مختلف شعبوں میں 250 ارب روپے کی ٹیکس چوری ہو رہی ہے، ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد کیلئے7 سمریز تیار کر لی ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اسمگل شدہ ،جعلی یا بغیر ڈیوٹی سگریٹس فروخت کرنے والے بھی شکنجے میں آئیں گے۔
اجلاس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے سوال اٹھایا کہ پاکستان میں انتقال کرنے والے افراد کی سمز بھی چلتی ہیں، ایف بی آر ار زندہ افراد کی سم بلاک کرتا ہے، مُردوں کی سمز کیوں بند نہیں ہوتیں ؟۔
ایف بی آر حکام نے جواب دیا کہ کچھ افراد انتقال کے بعد ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جمع نہیں کراتے، ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بروقت جمع کرائے جائیں تو مُردوں کی سم بلاک ہوسکتی ہیں۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ اولاد مرحوم والدین کی سم نشانی کے طور پر فعال رکھنے کی خواہشمند ہوتی ہے۔