پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے حوالے سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت کیلئے منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے لیے نئے چیف جسٹس کیلئے 3 سینئر ترین ججز کے ناموں پر غور کے لئے کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ساڑھے 8 بجے تک کا وقفہ کیا گیا ۔
پاکستان تحریک انصاف نے نئی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ تھا جس کے بعد انہیں منانے کی کوشش کی گئی۔
تاہم، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔
بیرسٹرگوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ایازصادق کا پیغام ملا، اسپیکرسے ملاقات کیلئے آیا تو خصوصی کمیٹی کا وفد یہاں پر موجود تھا، خصوصی کمیٹی کے وفد نے ہمیں اجلاس میں شرکت کیلئے کہا جس پر کمیٹی کو بتایا اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
جمعیت علماء اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی نہیں مانی اور وہ خصوصی کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔