مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اب جو ترمیم ہونے جا رہی ہے اس کے بعد آئین پر عمل ہوگا۔
سماء کے پروگرام ’’ ریڈ لائن ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت نہیں بن رہی ، ڈویژن بنے گا ، ڈویژن بینچ کو کہتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سربراہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں طے ہو گیا تھا بینچ بنے گا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو مقاصد حاصل کرنے مقصود تھے ان کا کافی حد تک ازالہ ہوگیا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کیلئے بلاول بھٹو نے بہت محنت کی، بدھ کو لاہور میں جو میٹنگ ہوئی وہ پہلے ہو جانی چاہیے تھی، آئینی ترمیم کا آئیڈیا آںے کے فوری بعد میٹنگ ہو جانی چاہیے تھی، اب جو ترمیم ہونے جا رہی ہے اس کے بعد آئین پر عمل ہوگا، اگر عدلیہ کی طرف سے ایڈونچر کی کوشش کی گئی تو پارلیمنٹ کے تابع لایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی ایڈونچر کرے گا تو ناکامی ہوگی ، اب آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہوگی، ہم مولانا فضل الرحمان کو منانے اُٹھے تھے ہم خود مان گئےہیں، اب مولانا فضل الرحمان پر ہے وہ پی ٹی آئی کو منا کر دکھائیں۔